ڈھاکہ: بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ اس کے لیے اسٹریٹجک طور پر ممکن ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کسی علاقائی اتحاد میں شامل ہو اور اس اتحاد میں بھارت شامل نہ ہو، جب کہ دوسرے جنوبی ایشیائی ممالک جیسے نیپال یا بھوٹان کے لیے ایسا کرنا ممکن نہیں۔
بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے ‘بنگلہ دیش سنگ باد سنگستھا’ کے مطابق ملک کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین نے یہ بیان وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ بیان کے پس منظر میں دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش، چین اور پاکستان پر مشتمل ایک تین ملکی پیش رفت شروع ہو چکی ہے جو وقت کے ساتھ علاقائی اور غیر علاقائی ممالک تک پھیل سکتی ہے۔
محمد توحید حسین نے مزید کہا کہ “اسحاق ڈار نے کچھ کہا ہے اور شاید مستقبل میں اس میں کچھ پیش رفت بھی ہو سکتی ہے۔”
واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے رواں سال اگست میں 13 سال بعد پہلی بار بنگلہ دیش کا دورہ کیا۔ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس کے درمیان حالیہ مہینوں میں دو خوشگوار ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لندن ہائیکورٹ کا فیصلہ: عادل راجہ جھوٹا قرار
یہ بات بھی اہم ہے کہ گزشتہ سال اگست میں بنگلہ دیش میں عوامی تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں گرم جوشی دیکھنے میں آئی ہے، اور اس پس منظر میں یہ اسٹریٹجک بیان پیش کیا گیا ہے۔




