اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل ) آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ میں خدمت کی سیاست کرتا ہوں، برادری کی سیاست کرتا تو لوکل کونسل کا ممبر بھی نہیں بن سکتا تھا۔
آزادکشمیر میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کا تصور دیا ،جس کی مثال بدترین سیاسی مخالفین بھی دیتے ہیں ،سابق وزیراعظم اپنے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے ۔
اس موقع پر چکار اپر بڈیالہ سے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں چوہدری ظفر اقبال، چوہدری حاجی محمد یعقوب، چوہدری ماسٹر منظور، چوہدری انور ،خادم حسین کیانی ، چوہدری مختار نے اپنے عزیز واقارب سمیت راجہ محمد فاروق حیدر پر اظہار اعتماد کرتے ہوئےمسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی ۔
راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ برادریاں اور قبیلے پہچان کے لیے ہیں، رب کے نزدیک وہی اچھا ہے جو عوام کے لیے بہترین ہے ۔میں نے وزیراعظم بن کر حلقہ نہیں بلکہ سارے آزادکشمیر کے لوگوں کی خدمت کی۔میرے دور حکومت میں سڑکیں تعمیر ہوئیں ترقیاتی کام ہوئے،میں نےعوامی ضرورت کو مد نظر رکھ کر منصوبے دئیے، آزادکشمیر میں سیاست کرنے کے لیے پیسہ اور برادری ضروری قرار د ی جاتی ہے لیکن میرٹ پر کام کیا جائے تو رب کی ذات عزت دیتی ہے میں آزادکشمیر بھر کےلوگوں
کے کاموں کے لیے آج بھی سیکرٹریٹ جاتا ہوں مجھے کوئی عار محسوس نہیں ہوتی آزادکشمیر کے لوگوں کی خدمت کی ہے اس پر رب کا شکر گزار ہوں ختم نبوت کے قانون کے صدقے یقین ہے کہ یہ میرے اور میرے ساتھیوں کی نجات کا ذریعہ بنے گا۔
سابق وزیراعظم نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے تمام مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔