آزاد کشمیر میں کلائمیٹ ٹاسک فورس کا قیام : جدید اقدامات کا اعلان

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومت نے کلائمیٹ ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے جس کا مقصد خطے میں ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دینا ہے۔

پبلک ریلیشن آفیسر سردار شہزاد خان نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات آزاد کشمیر میں بھی نمایاں ہو رہے ہیں جن میں غیر متوقع بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ، جنگلات کی کمی اور درجہ حرارت میں اضافہ شامل ہیں۔ ان مسائل سے نمٹنے اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔

سردار شہزاد خان نے مزید بتایا کہ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء القمر کی سربراہی میں قائم یہ ٹاسک فورس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحولیاتی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کام کرے گی۔ ان اقدامات میں شامل ہیں ،شجرکاری مہم جس میں جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لیے بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی مہم کا آغاز ہو گیا ہے، صاف توانائی کے منصوبے میں سولر انرجی اور دیگر ماحول دوست توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا ہے،ماحولیاتی آگاہی مہم میں عوام کو ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے آگاہ کرنا ہے اور ان سب اقدامات کو فعال بنانے کے لیے قوانین کا نفاذ بہت ضروری ہے جس کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کے لیے سخت قوانین اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء القمر کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور ماحول کو بچانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں۔

واضح رہے کہ یہ ٹاسک فورس آزاد کشمیر کو سرسبز ، ماحولیاتی آلودگی سے پاک اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Scroll to Top