لاہور: پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار فیفا ویمنز سیریز میں شمولیت حاصل کر لی ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے مطابق فیفا نے باقاعدہ طور پر اس شمولیت کی منظوری دی ہے، جسے ملک میں تیزی سے ترقی پاتی ویمنز فٹبال کے لیے ایک بڑا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
پی ایف ایف نے کہا ہے کہ فیفا سیریز میں شرکت سے نہ صرف پاکستان ویمنز نیشنل ٹیم کو عالمی سطح پر قیمتی تجربہ حاصل ہوگا بلکہ یہ خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایک ’نئے دور‘ کا آغاز بھی ثابت ہوگا۔ فیڈریشن کے مطابق یہ قدم خواتین فٹبالرز کی محنت، لگن اور کھیل میں نمایاں بہتری کا نتیجہ ہے، جو مستقبل میں بین الاقوامی فٹبال کے دروازے مزید وسیع کرے گا۔
فیفا کے اعلان کے مطابق فیفا ویمنز سیریز 2026 مارچ اور اپریل میں منعقد ہوگی، جس کا آغاز برازیل، آئیوری کوسٹ اور تھائی لینڈ میں مختلف مرحلوں کے ساتھ کیا جائے گا۔ اس سیریز کا مقصد خواتین نیشنل ٹیموں کو زیادہ سے زیادہ عالمی فٹبال کا حصہ بنانا اور ان کی ریٹنگ، تجربات اور مسابقتی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی پی ایل: 9 قومی کرکٹرز کو این او سی جاری، بڑے نام بھی شامل
فیفا نے مزید کہا ہے کہ خواتین فیفا سیریز کے تمام گروپس اور میزبان ممالک کا تفصیلی اعلان 2026 کے اوائل میں کیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کے ممکنہ حریفوں اور شیڈول کے بارے میں حتمی معلومات سامنے آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیر پریمیئر لیگ تیسرے سیزن کاانعقاد ،وزیراعظم کی تعاون کی یقین دہانی
پی ایف ایف نے اس پیش رفت کو پاکستانی خواتین کے لیے ایک ’بڑی کامیابی‘ قرار دیا ہے اور کہا کہ اس شمولیت سے ملک میں ویمنز فٹبال کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید تقویت ملے گی۔




