ن لیگ آزادکشمیر میں نئے رہنمائوں کی شمولیت، نوازشریف نے اہم اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد :مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیرکا اعلیٰ سطحی اجلاس جمعہ 12 دسمبر کولاہور میں طلب کر لیا ہے ۔

اجلاس میں آزاد کشمیر انتخابات کیلئے قائم کی گئی خصوصی سیاسی کمیٹی کے علاوہ سینئر رہنماؤں کو بھی لاہور بلایا گیا ہے۔

آزادکشمیر کے ایک اخبار کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر سے جب اجلاس بلائے جانے کی اطلاعات پررابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ صدر مسلم لیگ میاں نواز شریف نے جمعہ کو تمام سینئر عہدیداران کو لاہور بالا یا ہے تاہم اجلاس کے وقت کا تعین کر کے رہنماؤں کو آگاہ کیا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں: بیٹھک اعوان آباد : بجلی کا بدترین بریک ڈائون،شہری زندگی مفلوج، کاروبار ٹھپ

اجلاس میں سیاسی کمیٹی کے رہنمارانا ثناء اللہ،انجینئر امیر مقام، شاہ غلام قادر ، راجہ فاروق حیدر، چوہدری طارق فاروق ، مشتاق احمدمنہاس ، بیرسٹر افتخار گیلانی ، ڈاکٹر نجیب نقی ، عبد الرحمان آرا ئیں اور دیگر رہنما شرکت کرینگے۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن سے متعلق مسلم لیگ ن کے لئے حکمت عملی نئے رہنماؤں کی شمولیت سے متعلق فیصلے اور ٹکٹوں کی تقسیم سمیت آمدہ الیکشن کی حکمت عملی تیار کی جائیگی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم کا نفرنس کیساتھ سیاسی اتحاد کے علاوہ باغ سے سردار میرا کبر خان ، حلقہ کھاوڑہ مظفرآباد سے ثاقب مجید، کوٹلہ سے سردار تبارک علی ،سماہنی سے چوہدری رزاق کی پارٹی میں شمولیت پر غورہوگا ۔

ڈڈیال سے ممبر اسمبلی اظہر صادق اورلچھراٹ سے چو ہدری شہزاد کی ن لیگ میں شمولیت بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ باغ سے سردار میر اکبر کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے جس کی مشتاق منہاس نے مخالفت کی ہے اور ان کا موقف ہے کہ سردار میراکبر نے ن لیگ کا ٹکٹ واپس کرکے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بڑی سیاسی پیش رفت، راجہ ثاقب مجید کے حامی مسلم لیگ (ن) میں شامل

حلقہ کھاوڑہ سے سابق امیدوار اسمبلی اور مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر ثاقب مجید راجا نے وزیر امور کشمیر انجینئر امیرمقام سے ملاقات کرکے ٹکٹ کے معاملات پر بات کی ہے اور گزشتہ روز کارکنوں کا مشاورتی اجلاس بھی کیا ہے۔

لچھراٹ سے چو ہدری شہزاد بھی ن لیگ میں واپسی کیلئے لابنگ کررہے ہیں جبکہ ن لیگی رہنمائوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے حلف اٹھانے کے باوجود مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر پی ٹی آئی جوائن کی تھی ۔

مسلم لیگ (ن) میں نئے لوگوں کی شمولیت پر نظریاتی کارکن بھی تحفظات کا اظہار کررہے ہیں۔

Scroll to Top