چناری: جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ روایتی پارٹیاں اور موروثی قیادت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور عوام کی آخری امید جماعت اسلامی ہے جو فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔ وہ جماعت اسلامی ضلع جہلم ویلی کے زیر اہتمام چناری میں منعقدہ شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) چناری کے اہم رہنما راجہ ندیم، شوکت ملک، راجہ محمد عزیز کان، راجہ محمد سعید، امتیاز احمد، اسحاق خلجی، محمد اسلم، راجہ اشفاق، عابد شاہ، محمد عتیق کیانی، شعیب عباسی، راجہ بشیر خان، نعیم ملک سمیت درجنوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی، امیر جماعت اسلامی نے نئے شامل ہونے والوں کو مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا اس کے علاوہ اجتماع سے ضلع جہلم ویلی کے امیر حاجی بشیر، راجہ نزاکت حسین، نورالحسن کاظمی، اصغر شاہ سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر مشتاق خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے افراد ہماری طاقت، ہماری شان اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہےاور عوامی اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام دیانتدار اور اصول پسند قیادت کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہٹیاں بالا کو سی ایم ایچ کا درجہ دیا جائے اور یونیورسٹی کیمپس کی بلڈنگ فوری طور پر تعمیر کی جائے تاکہ جہلم ویلی کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آسکیں۔
نئے شامل ہونے والے افراد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ جماعت اسلامی کی اصولی سیاست اور عوامی خدمت کے جذبے سے متاثر ہو کر اس میں شامل ہوئے ہیں۔ اجتماع کے اختتام پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور خطے میں انصاف و ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔