وادی نیلم میں پیرامیڈیکس ملازمین نے پیرامیڈیکس کے عالمی دن کے موقع پر نیلم پریس کلب میں احتجاجی پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہےکہ ضلع نیلم کے پیرامیڈیکس ملازمین کو بنیادی سہولیات کے ساتھ سکیل 12 دیا جائے۔
پیرامیڈیکس کے عالمی دن کے موقع پر نیلم پریس کلب میں پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے نمائندے نے اپناچارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا مریخ پر پہنچ چکی ہےلیکن آزاد کشمیر، بالخصوص نیلم ویلی کا پیرامیڈیکل اسٹاف اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاف تمام دستیاب وسائل کے ساتھ عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتا اور اپنے فرائض پوری تندہی سے انجام دیتا ہے لیکن ان کی خدمات کے بدلے میں انھیں بنیادی حقوق سے ہی محروم رکھا ہوا ہے۔
ملازمین نے نشاندہی کی کہ رول بنایا گیا ہے کہ پیرامیڈیکل اسٹاف کی نوکری کے لیے متعلقہ ڈگری کا ہونا ضروری ہے، جب اسٹاف ممبرز 40 سالہ سروس کے بعد ریٹائرمنٹ کو آتے ہیں توان سے ڈگری کا مطالبہ کیا جاتا ہے جب وہ اپنی ذندگی کے 40 سال حاضر سروس رہ کر گزارے ہوتے ہیں تو کوئی نہیں پوچھتا لیکن جب وہ ریٹائرمنٹ کو آتے ہیں تو ان سے ڈگری کی ڈیمانڈ ہوتی ہےجو سراسرناانصافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کشمیر کی آبادی 45 لاکھ ہے، جس میں صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے تقریباً 3 لاکھ افراد ہیں اوریہ تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے اور اگر ڈاکٹرز کی بات کی جائے تو ان کی تعداد تو بہت ہی کم ہے؛ اس لیے اس علاقے میں پیرامیڈیکل کےہنرمند اسٹاف کی خدمات انتہائی اہم ہیں۔
پیرامیڈیکل اسٹاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سخت موسمی حالات کے باوجود پیرامیڈیکل اسٹاف اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے نبھا تاہے لیکن ان کے لیے کوئی اچھا اسکیل بھی نہیں ہے، ان کی ڈیمانڈ ہے کہ پیرامیڈیکس ملازمین کو بنیادی سہولیات کے ساتھ سکیل 12 دیا جائے ۔ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے گریس ویلی میں کیمپس لگانے جیسے لائق تحسین اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ملازمین نے آزاد کشمیر کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اورنیلم پریس کلب اور صحافیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
احتجاجی پریس کانفرنس میں پیرامیڈیکس ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ وہ بہتر مراعات اور سروس اسٹرکچر کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھ سکیں۔