71 کی جنگ میں پاک بحریہ دشمن کیلئے سیسہ پلائی دیوار تھی: فیلڈ مارشل

اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 1971 میں پاک بحریہ دشمن کیلیے سمندر میں سیسہ پلائی دیوار تھی اور آج بھی پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں پر آہنی فصیل ہے۔

پاک بحریہ کی جانب سے 9 دسمبر کو یادگار دن “ہنگور ڈے” کے طور پر منایا جا رہا ہے، جو “آبدوز ہنگور” کی بہادری اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی روشن علامت ہے۔ یہ دن نہ صرف ماضی کی یاد تازہ کرتا ہے بلکہ آج کے نوجوانوں کو وطن کی حفاظت کے جذبے سے جوڑنے کا ذریعہ بھی ہے۔

اس موقع پر اپنے بیان میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان خود مختاری اور دفاعِ وطن کے لیے عزم محکم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر 1971 کو آبدوز ہنگور کے عملے نے جانبازی کی درخشندہ تاریخ رقم کی جو آج تک دشمن کے ذہن پر نقش ہے۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ یہ دن باور کرواتا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ 1971 میں پاک بحریہ دشمن کیلیے سمندر میں سیسہ پلائی دیوار تھی اور آج بھی پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں پر آہنی فصیل ہے جو ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کی مضبوط ضمانت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش

اپنے پیغام میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ شاندار ماضی کی طرح آج بھی دشمن کے دانت کھٹے کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ نیول چیف نے مزید بتایا کہ 8 جدید ہنگور کلاس آبدوزیں جلد فلیٹ میں آرہی ہیں، جو بحریہ کی دفاعی صلاحیت کو مزید مستحکم کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اگلی بار جواب اور زیادہ شدید ہوگا: فیلڈ مارشل

ہنگور ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کی جانب سے خصوصی دستاویزی فلم “ہدف” بھی جاری کی گئی ہے، جس میں آبدوز ہنگور کی بہادری اور ملکی دفاع کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ فلم نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے اور پاکستان کی بحری دفاعی طاقت کو واضح کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

Scroll to Top