اسلام آباد: انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو پاکستان کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر معزز مہمان کو پاکستان کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انڈونیشیا کے صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور پاکستان اور انڈونیشیا کے قومی ترانے بجائے گئے۔
استقبالیہ کے دوران صدر پرابوو سوبیانتو نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے وفد کے ارکان سے متعارف کرایا جبکہ وزیراعظم نے معزز مہمان کو اپنی کابینہ کے ارکان سے روشناس کرایا۔ اس کے بعد صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔
صدر پرابوو سوبیانتو کے دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ دو طرفہ امور پر بات چیت ہوگی، جس میں باہمی تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ صدر پرابوو چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو کا پاکستان میں پرتپاک استقبال
پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان متعدد نئے اقدامات پر اتفاق اور کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ دونوں ممالک دیرینہ، قریبی اور خوشگوار تعلقات کے حامل ہیں جن کی بنیاد مشترکہ اقدار، یکساں مؤقف اور باہمی مفادات پر قائم ہے۔
صدر پرابوو کا دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر جامع تبادلۂ خیال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی 1.2 ارب ڈالر کی منظوری
صدر پرابوو کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت دینے، شراکت داری میں وسعت اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔




