وزیراعظم کی گھریلو صارفین کو گیس فراہمی سے متعلق اہم ہدایت جاری

وزیراعظم شہباز شریف نے موسم سرما کے دوران گھریلو صارفین کو گیس فراہمی بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم نے گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک مسلسل گیس فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ علی پرویز ملک نے یہ بات توجہ دلاؤ نوٹس پر بتائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مقررہ اوقات میں گیس پریشر بہتر رکھا جائے اور انفرادی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے اور کم پریشر سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کی ہدایت پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں موسم سرما کے آغاز میں مجموعی گیس فراہمی کی صورتحال اور سوئی گیس کمپنیوں کے شکایات ازالہ کے نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے بریفنگ میں بتایا کہ اس سال گیس کی فراہمی پچھلے سال کے مقابلے میں واضح طور پر بہتر ہے، اور گھریلو صارفین کو مجموعی گیس فراہمی میں تقریباً 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دونوں کمپنیاں صارفین کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر نمٹا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موسم سرما میں عوام کی کھانے پکانے کی ضروریات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایم ڈیز نے بتایا کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور 1199 ہیلپ لائن مکمل فعال ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایس این جی پی ایل نے نیا سرمائی گیس شیڈول جاری کر دیا

ادھر قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے شاہدہ بیگم اور نور عالم خان کے توجہ دلاؤ نوٹسز کے جواب میں کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال گیس لوڈ شیڈنگ اور شکایات میں واضح کمی آئی ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں گھریلو صارفین کو ایل این جی 460 ایم ایم سی ایف ڈی فراہم کی جا رہی تھی جبکہ رواں سال یہ تعداد بڑھ کر 590 ایم ایم سی ایف ڈی ہو گئی ہے۔ نومبر میں 80 سے 90 ہزار شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 70 سے 80 فیصد اوگرا سے متعلق تھیں اور ان شکایات کو 36 گھنٹوں کے اندر حل کر دیا گیا۔ جہاں گیس پریشر کا مسئلہ ہے، وہاں نشاندہی کریں تاکہ فوری حل کیا جا سکے۔

علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ پشاور میں 29 آپریشنل فیز کی مرمت پر 50 کروڑ روپے سے زائد فنڈز خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ ڈھائی سو کلومیٹر پائپ لائن پر کام جاری ہے جس پر 2 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں:جاپان میں زلزلہ، درجنوں افرادزخمی ،بڑے پیمانے پر نقصان

یہ تمام اقدامات گھریلو صارفین کے لیے سہولت اور تسلی بخش گیس فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ موسم سرما میں عوام کی ضروریات بلا تعطل پوری ہوں۔

Scroll to Top