لاہور: (کشمیر ڈیجیٹل) سی ٹی ڈی پنجاب نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے 12 دہشت گردوں کو بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، آئی ڈی بم اور نقدی سمیت گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے حساس مقامات اور حساس اداروں کی تصویریں، ویڈیوز اور لوکیشنز بھی برآمد ہو گئی ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصویریں، ویڈیوز اور لوکیشنز بھی حاصل کی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ فیصل آباد سے گرفتار دہشت گرد پنجاب میں خوف و ہراس پھیلانے اور مذہبی منافرت کو فروغ دینے کے ارادے رکھتے تھے۔ لاہور سے گرفتار دہشت گردوں میں دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل ابرار اور عثمان سرفراز شامل ہیں جبکہ فیصل آباد سے دانش کو گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج ہلاک
بہاولپور سے گرفتار ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے دہشت گردوں میں رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی نے بتایا کہ عادل نامی ایک فیس بک آئی ڈی، جو بھارت میں ’’را‘‘ کے لیے کام کر رہی تھی، کی مدد سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: قلات میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 12دہشتگرد ہلاک
مزید بتایا گیا کہ گرفتار دہشت گردوں کو بھارتی دہشت گرد ایجنسی ’’را‘‘ کی جانب سے بھاری فنڈنگ فراہم کی جاتی تھی۔ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 7 آئی ای ڈی بم، 2 ڈیٹونیٹرز، 102 فٹ حفاظتی فیوز وائر، موبائل فونز، نقدی اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔




