لندن کے لارڈز میں پی ایس ایل کا روڈ شو، سرمایہ کاری کی دعوت

لندن (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تشہیر اور نئی سرمایہ کاری کو مدعو کرنے کے لیے لندن کے تاریخی میدان لارڈز میں ایک خصوصی روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد لیگ کے وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمت عملی کو عالمی سرمایہ کاروں اور کرکٹ شائقین کے سامنے پیش کرنا تھا۔

لارڈز میں منعقدہ روڈ شو میں پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم سمیت دیگر قومی کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے، جنہوں نے شرکاء کو پی ایس ایل سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ محسن نقوی نے روڈ شو کے دوران لیگ کے ترقیاتی منصوبے، سرمایہ کاری کے مواقع اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بڑھتے ہوئے اثرات کے بارے میں آگاہ کیا۔

ایونٹ میں شریک شرکاء کو پی ایس ایل کے کاروباری ماڈل، عالمی سطح پر مارکیٹنگ حکمت عملی اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی لیگ کے مقاصد، اس کی عالمی اہمیت اور نئے مواقع کی وضاحت بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس یل کالندن روڈ شو کروانے کا اعلان، فینز کوشرکت کا خصوصی موقع ملے گا

واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگوں میں شامل ہے اور اس کا مقصد نہ صرف کھیل کو فروغ دینا ہے بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور عالمی سطح پر پاکستانی کرکٹ کو مستحکم کرنا بھی ہے۔ اس روڈ شو کے ذریعے پی ایس ایل نے عالمی سرمایہ کاروں کے درمیان اپنی قدر و اہمیت کو اجاگر کیا اور مستقبل میں لیگ کے لیے مزید سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل نے بھارت میں مقبولیت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

لارڈز میں اس کامیاب روڈ شو نے پی ایس ایل کی مقبولیت کو مزید بڑھایا اور بین الاقوامی سطح پر لیگ کی سرمایہ کاری کے امکانات کو نمایاں کیا۔ یہ اقدام پاکستان کرکٹ بورڈ کی عالمی شراکت داری بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد لیگ کو دنیا کی دیگر بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگوں کے برابر لانا ہے۔

Scroll to Top