اسلام آباد : ’’سابق فوجی افسران کی تنظیم ایکس سروس مین سوسائٹی‘‘ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حالیہ پالیسیوں اور بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
تنظیم نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت ’’صرف حکومت حاصل کرنے‘‘ کی خواہشمند ہے اور سیاسی فائدے کے لیے ریاستی اداروں کو نشانہ بنا رہی ہے ۔
ان کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے قومی سلامتی کے اداروں کیخلاف جو بیانات دئیے جا رہے ہیں، وہ کھلی محاذ آرائی کے مترادف ہیں ۔
سوسائٹی نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیخلاف سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر جاری ’’منفی پروپیگنڈا مہم‘‘ کی بھی سخی سے مذمت کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برسبین ٹیسٹ : آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
بیان میں کہا گیا کہ بعض عناصر ملک کے اعلیٰ عسکری قیادت کو نشانہ بنا کر اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے ’’قومی یکجہتی اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے‘‘ ۔
سوسائٹی کے نمائندوں کے مطابق اس قسم کا پروپیگنڈا دشمن ممالک اور دہشت گرد گروہوں کے بیانیے کو تقویت دیتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی صورت حال میں ذمہ دارانہ سیاست کی ضرورت ہے، مگر پی ٹی آئی کی قیادت ’’غیر ذمہ دارانہ‘‘ طرز عمل اختیار کیے ہوئے ہے ۔
ان کا دعویٰ ہے کہ پارٹی کا بیانیہ ’’بھارت اور دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں کھیلنے‘‘ کے مترادف ہے ۔ تاہم، اس سلسلے میں کوئی شواہد عوام کے سامنے پیش نہیں کیے ۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اب تک اس بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک کی موجودہ سیاسی کشیدگی میں اس طرح کے سخت بیانات مزید تناؤ پیدا کر سکتے ہیں ۔




