برسبین:برسبین میں کھیلے جانے والے ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
میچ کے چوتھے روز میزبان ٹیم نے باآسانی 65 رنز کا ہدف حاصل کر کے سیریز میں دو صفر کی برتری مضبوط کر لی ۔ آسٹریلوی بیٹنگ لائن نے پُراعتماد آغاز کیا ، کپتان اسمتھ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 رنز بنائے جبکہ ٹریوس ہیڈ نے بھی 22 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی کے قریب پہنچایا ۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 334 رنز اسکور کیے تھے ، جس میں چند بلے بازوں نے مزاحمت دکھائی لیکن وہ آسٹریلوی بولرز کے سامنے زیادہ دیرتک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے ۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ نے 241 رنز بنائے اور مجموعی طور پر میزبان ٹیم کو 65 رنز کا ہدف دیا جو آسٹریلوی بیٹسمینوں کیلئے زیادہ مشکل ثابت نہ ہوا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز 2025 کا باقاعدہ آغازہو گیا
آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 511 رنز بنائے ، جس سے ٹیم نے میچ پر مکمل گرفت حاصل کرلی ۔ مڈل آرڈر اور نچلے نمبروں پر آنے والے کھلاڑیوں نے بھی استعمال کے مطابق رنز جوڑ کر انگلینڈ پر دباؤ برقرار رکھا ۔ آسٹریلوی بولرز نے بھی عمدہ لائن اور لینتھ استعمال کرتے ہوئے انگلینڈ کے تجربہ کار بیٹسمینوں کو مسلسل مشکلات میں رکھا ۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ بھی صرف دو دن میں اپنے اختتام کو پہنچا تھا، جس میں آسٹریلیا نے ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے مات دی تھی ۔ میزبان ٹیم نے اس میچ میں 205 رنز کا ہدف بھی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا ۔
لگا تار دو کامیابیوں کے بعد آسٹریلیا نے سیریز میں مضبوط برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ انگلینڈ پر اگلے میچز میں کم بیک کرنے کا دباؤ بڑھ گیا ہے ۔ آسٹریلوی ٹیم کی مجموعی فارم اور مؤثر حکمتِ عملی نے انہیں ایک بار پھر ایشیز میں نمایاں مقام پر لا کھڑا کیا ہے ۔




