لاہور: سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صارفین کے لیے دسمبر سے فروری تک کے سردیوں کے مہینوں کے لئے نیا گیس لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی اب مخصوص اوقات میں وقفے وقفے سے کی جائے گی۔ حکام کے مطابق صارفین کو ناشتہ اور دیگر کھانے انہی مخصوص اوقات میں تیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق گیس روزانہ تین مختلف اوقات میں فراہم کی جائے گی۔ پہلی سپلائی صبح 5:30 سے 8:30 بجے تک، دوسری 11:30 سے 1:30 بجے تک جبکہ تیسری شام 5:30 سے 8:30 بجے تک مہیا کی جائے گی۔ حکام کے مطابق صنعتی شعبے میں کسی قسم کی گیس لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں گیس کی طلب کئی گنا بڑھ جاتی ہے، تاہم گیس سسٹم میں موجود ہے اور کسی کمی کا سامنا نہیں۔
ایس این جی پی ایل نے یہ بھی واضح کیا کہ گیس مہنگی ہے، اس لیے صارفین اسے اپنی ضروریات کے مطابق احتیاط سے استعمال کریں۔ یہ اعلان وفاقی حکومت کی حالیہ ہدایات کے بعد سامنے آیا جس میں سردیوں کے دوران گیس مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے اقدامات پر زور دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایس این جی پی ایل نے گھریلو صارفین کیلئے سرمائی گیس شیڈول 2025 کا اعلان کر دیا
24 نومبر کو وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت موسمی گیس لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ہدایت کی گئی کہ عوام کی سہولت کے لیے سردیوں میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں SNGPL اور سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے مینیجنگ ڈائریکٹرز نے ملک بھر میں گیس دستیابی کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ گھریلو صارفین کے لیے RLNG کنکشنز کے اجراء کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی بلوں سے متعلق عوام کیلئے بڑی خوشخبری ، سوئی گیس کنکشن پر پابندی برقرار
اجلاس میں وزیر نے بتایا کہ رواں سال گھروں میں گیس کی فراہمی گزشتہ سال کی نسبت ’’واضح طور پر بہتر‘‘ ہے، جبکہ ایس این جی پی ایل کے ایم ڈی نے کہا کہ صارفین کو نہ صرف کھانے کے اوقات میں بلکہ صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بھی گیس مہیا کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بہتری عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کی گئی ہے۔ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی اور اوگرا کے حکام شریک ہوئے۔




