وزیر خزانہ

پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ، وفاقی وزیر خزانہ وسینیٹر محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے ۔

وزارت خزانہ کے مطابق دوحہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مالیاتی اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں، اور پاکستان کی برآمدات میں بہتری کے باعث آئی ٹی سروسز کو بھی فروغ ملا ہے ۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ خلیجی ممالک سے سالانہ 18 سے 20 ارب ڈالر کی ترسیلات زر متوقع ہیں۔ تاہم تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ملک کی معاشی ترقی میں 0.5 فیصد کمی آئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف پاکستان پر قومی مفاد کے خلاف کوئی شرط عائد نہیں کر سکتا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

محمد اورنگزیب نے قطر کے ساتھ ایل این جی، زرعی اور ٹیکسٹائل شعبے میں تعاون مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا اور موسمیاتی سرمایہ کاری پر بھی زور دیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تجارتی اور ٹیکنالوجی کے نئے مواقع موجود ہیں، اور مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں قطر کے ساتھ شراکت داری میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )کا 1.3 ارب ڈالر کا آر ایس ایف پروگرام موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملک میں مصنوعی مہنگائی ہرگز نہیں ہونے دینگے :وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اس کے علاوہ سی پیک فیز ٹو کے تحت انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے بزنس ٹو بزنس مواقع میں اضافہ متوقع ہے ۔

وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان فری لانسرز بلاک چین ، اے آئی اور دیگر ڈیجیٹل مہارتوں کے ذریعے اپنی آمدنی بڑھا سکتے ہیں ، اور قطر کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ توانائی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا ۔

Scroll to Top