واشنگٹن : امریکی حکومت نے اپنی نئی قومی سلامتی پالیسی میں خبردار کیا ہے کہ یورپ مستقبل میں اپنی تہذیب کے خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے اور کچھ ممالک مستقبل میں امریکہ کے قابلِ بھروسہ اتحادی نہیں رہیں گے۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جاری کردہ 33 صفحات پر مشتمل دستاویز میں یورپی یونین کو غیر جمہوری قرار دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ امریکہ کا مقصد یورپ کو اصلاح کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔
دستاویز میں مزید کہا گیا کہ اگر موجودہ رجحانات برقرار ر ہے تو 20 سال کے اندر یورپ ناقابلِ شناخت ہو جائے گا اور اقتصادی مسائل تمدنی خاتمے کے حقیقی خطرات کے سامنے معمولی دکھائی دیں گے ۔
دستاویز میں یورپی ممالک کی معیشت اور فوجی طاقت اتنی مضبوط نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا کہ وہ مستقبل میں امریکہ کے قابلِ بھروسہ اتحادی رہ سکیں ۔ نیٹو میں آنے والے غیر یورپی ممالک کی ممکنہ اکثریت کا بھی ذکر کیا گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:رس گلے ختم ہونے پر شادی میدان جنگ میں تبدیل، ویڈیو وائرل
علاوہ ازیں یورپی یونین پر سیاسی آزادی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے ، آزادی اظہار پر پابندی لگانے اور سیاسی مخالفت کو دبانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں ۔
یورپی رہنماؤں نے اس دستاویز پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جرمنی کے وزیر خارجہ جوہان ویڈے فول نے کہا کہ امریکہ ہمارے لیے اہم اتحادی ہے ، لیکن جرمنی کو آزاد اظہار اور خودمختار معاشرتی نظام پر لیکچرز دینے کی ضرورت نہیں ۔
سویڈن کے سابق وزیراعظم کارل بلڈٹ نے دستاویز کی زبان کو روس کے بعض موقف سے مشابہ قرار دیا ، جبکہ لتھوانیا کے سابق وزیراعظم کرسجانیس کارنس نے کہا کہ امریکی اسٹریٹجی میں بحراقیانوس کا ذکر روس کیلئے خوشی کا باعث ہوگا ۔
دستاویز میں روس-یوکرین جنگ کے حوالے سے بھی کہا گیا کہ یورپ کو روس کے ساتھ تعلقات میں خوداعتمادی کی کمی ہے اور تعلقات میں بہتری کے لیے امریکہ کی بھرپور مداخلت ضروری ہے ۔




