خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ ٹانک میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سات خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں بھی خوارج کے خلاف خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج ہلاک ہوئے۔ مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ خوارج دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ یہ آپریشن ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے تک جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں آپریشن ، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک

صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف دو کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پرچیئرمین پی ٹی آئی کا ردعمل آگیا

تینوں شخصیات کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کر کے خوارجیوں کو ہلاک کیا، ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت قابل فخر ہے۔ فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز بڑی کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں اور خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے فورسز پرعزم ہیں۔

Scroll to Top