اسلام آباد(عامراقبال ہاشمی سے)سابق اپوزیشن لیڈر وپی ٹی آئی کے سینئررہنما خواجہ فاروق احمد نے موجودہ اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر کے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھورکو چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق لکھے گئے خط پر ردعمل میں شکوہ کرتے ہوئے اپنے دل کی بھڑاس بھی نکالی ہے۔
خواجہ فاروق احمد کا سوشل میڈیا پوسٹ میں شاہ غلام قادر کا خط شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آخرکار رجیم چینج کی آخری کڑی بھی پوری ہو گئی اور بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے۔
انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مہربانوں کی جانب سے تحریک انصاف کے حقیقی اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد کو ہٹا کر محض 2گھنٹوں میں صرف 10ووٹوں والی جماعت کے سربراہ کو اپوزیشن لیڈر بنوانے کی اصل وجہ اب سب پر عیاں ہو چکی ہے۔
خواجہ فاروق کا کہنا تھا کہ جیسے پاکستان میں راجہ ریاض کو الیکشن سے قبل اپوزیشن لیڈر لایا گیا ویسے ہی آزادکشمیر میں شاہ غلام قادر کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا مقصد صرف اور صرف آنے والے الیکشن سے پہلے مرضی کا چیف الیکشن کمشنر مسلط کرنا اور پری پول رگنگ کی راہ ہموار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ فاروق نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو اہم مشورہ دیدیا
انہوں نے کہا کہ مگر مہربان یاد رکھیں طاقتیں تمہاری سہی مگر خدا ہمارا ہے اور جنرل الیکشن میں آزادکشمیر کے عوام تحریک انصاف کو کلین سویپ کرائیں گے۔
یاد رہے کہ خواجہ فاروق احمد وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے دور میں اپوزیشن لیڈر رہے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو خط لکھے ، ملاقات کے مطالبے کئے مگر چوہدری انوارالحق نے انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائر عبد الرشید سلہریاکی ریٹائرمنٹ رواں سال کے اوئل میں ہوئی تھی مگر کئی ماہ گزرنے کے باوجود چیف الیکشن کمشنر کی تقرری نہیں ہوسکی جبکہ الیکشن کو چند ہی ماہ باقی ہیں۔
وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا عمل جلد مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر پی ٹی آئی کی جانب سے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہےمن پسند شخصیت کو لایا جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ غلام قادر کا چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے وزیراعظم کو خط ارسال
دراصل خواجہ فاروق احمد نے سوشل میڈیا پوسٹ سے اپنے بھڑاس بھی نکالی ہے کیونکہ ن لیگ کے اپوزیشن میں آنے سے ان سے قائد حزب اختلاف کا عہدہ چھن گیا ہے۔




