برسبن: آسٹریلوی لیفٹ آرم فاسٹ بولر مچل سٹارک نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک نیا سنگ میل قائم کرتے ہوئے لیجنڈری پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔
وسیم اکرم نے اپنے شاندار کیریئر میں 104 ٹیسٹ میچز کھیل کر 414 وکٹیں حاصل کی تھیں جو کسی بھی لیفٹ آرم فاسٹ بولر کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں تھیں ۔ اب یہ اعزاز مچل سٹارک کے نام منتقل ہو چکا ہے، جن کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 418 ہو گئی ہے ۔
مچل سٹارک نے یہ تاریخی کارنامہ گابا میں کھیلے جانے والے دوسرے ایشیز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں حاصل کیا ، جہاں انہوں نے ہیری بروک کو آؤٹ کر کے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ تمام وقت کے بہترین لیفٹ آرم فاسٹ بولرز کی فہرست میں سب سے آگے آ گئے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل نے بھارت میں مقبولیت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا
2011 میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے والے سٹارک اس سے قبل 101 ٹیسٹ میچز میں 412 شکار کر چکے تھے اور اب صرف ایک اضافی وکٹ نے انہیں وسیم اکرم کے ریکارڈ کے برابر سے آگے کر دیا ۔
ان کے اس ریکارڈ نے نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی کو اجاگر کیا ہے بلکہ عالمی کرکٹ میں لیفٹ آرم فاسٹ بولرز کی اہمیت کو بھی واضح کر دیا ہے ۔
لیفٹ آرم فاسٹ بولرز کی تاریخ میں اس ریکارڈ کے بعد عالمی درجہ بندی کچھ یوں ہے ،سٹارک 415 وکٹوں کے ساتھ پہلے ، وسیم اکرم 414 کے ساتھ دوسرے، سری لنکا کے چمندا واس 355 کے ساتھ تیسرے ، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 317 کے ساتھ چوتھے ، اور آسٹریلیا کے مچل جونسن 313 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں ۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے سٹارک کے علاوہ باقی تمام کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں ، جس سے سٹارک کی کامیابی کی اہمیت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔




