بھارتی روپیہ کو 2025 میں ایشیا کی سب سے کمزور اور بدترین کارکردگی دکھانے والی کرنسی قرار دے دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی معاشی جریدے بلومبرگ نے اپنی تازہ رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ بھارتی روپیہ مسلسل دباؤ کا شکار رہا اور خطے کی کمزور ترین کرنسیوں میں شامل ہو گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی حکومتی پالیسیوں اور معاشی عدم استحکام نے ملک کو ایشیا کی کمزور معیشتوں کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔ بلومبرگ نے رپورٹ میں بتایا کہ 2025 کے دوران امریکی ٹیرف میں اضافے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے انخلاء نے بھارتی روپے کی گراوٹ کو مزید تیز کردیا۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ ویزا پروگرام کی فیس کو ایک لاکھ ڈالر تک بڑھانے کی حکومتی تجویز نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں غیر ملکی سرمایہ کار اب تک بھارتی اسٹاک مارکیٹ سے 16 ارب ڈالر نکال چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’’چائے بولو چائے‘‘نریندر مودی کی ویڈیو پر بھارت میں ہنگامہ
بین الاقوامی معاشی جریدے کے مطابق بھارتی ریزرو بینک نے روپے کو مستحکم رکھنے کے لیے اب تک 30 ارب ڈالر زرمبادلہ استعمال کیا، تاہم اس کے باوجود روپیہ اپنی قدر برقرار نہ رکھ سکا اور مسلسل گراوٹ کا شکار رہا۔ یہ صورتحال بھارتی کرنسی کی کمزوری اور معاشی چیلنجز کا واضح ثبوت پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی فوجی ٹینک بھی ناکارہ نکلے،دوران مشق نہر میں ڈوب گیا،اہلکار ہلاک
بلومبرگ کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی روپیہ کی مسلسل گراوٹ نے ملک کی عالمی اقتصادی پوزیشن کو متاثر کیا ہے اور خطے میں بھارتی معیشت کے استحکام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ معاشی ماہرین کے مطابق اس سال بھارتی روپے کی یہ بدترین کارکردگی بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور تجارتی تعلقات پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہے۔




