کرغزستان کے صدر کا وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا

کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا تبادلہ کیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

صدر ژاپاروف کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کا معائنہ معزز مہمان نے خود کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف بھی کروایا۔ بعدازاں کرغزستان کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں شجرکاری کرتے ہوئے پودا بھی لگایا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کی سعودی اور بحرین کے عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں

واضح رہے کہ یہ کرغزستان کے صدر کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ دورے کے دوران صدر ژاپاروف صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ کرغزستان کے صدر کا پاکستان-کرغزستان بزنس فورم سے خطاب بھی شیڈول میں شامل ہے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد اہم معاہدوں اور مفاہتمی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے، جو دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔ ملاقات میں تجارتی، اقتصادی، تعلیمی، دفاعی اور علاقائی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ میں گرفتار ملزم لقمان خان پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری ہے

یہ دورہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی مضبوطی اور مستقبل میں تعاون کے فروغ کے سلسلے میں اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top