راولپنڈی: پاکستان کے آل راؤنڈر محمد نواز 2025 میں ٹی 20 فارمیٹ میں ٹیم کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر اور بائیں ہاتھ کے بلے باز محمد نواز نے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے سال بھر میں مختصر فارمیٹ میں شاندار کارکردگی پیش کی۔
محمد نواز نے جولائی 2025 میں فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں 21.52 کی اوسط سے 7 وکٹ لے کر مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔ اگست 2025 میں شارجہ میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان کھیلے گئے 5 میچوں میں انہوں نے 120 رنز اور 10 وکٹ کے ساتھ بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
نومبر 2025 میں راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ٹرائی سیریز میں محمد نواز نے 52 رنز اور 10 وکٹ لے کر ایک بار پھر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جیتا۔ مجموعی طور پر 2025 میں محمد نواز 26 ٹی 20 میچز میں 4 مرتبہ بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ٹی 20رینکنگ جاری، صائم ایوب نمبر ون آل رائونڈر قرار
محمد نواز نے اس دوران پاکستان کے لیے 74.4 اوورز کرائے اور 490 رنز بنائے، جس کے ساتھ انہوں نے 13.16 کی اوسط سے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 19.05 کی اوسط سے 362 رنز بنائے، ان کا بہترین اسکور ناٹ آؤٹ 38 رنز رہا۔ انہوں نے 138.16 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلتے ہوئے 24 چوکے اور 21 چھکے لگائے، جس سے ان کی آل راؤنڈ صلاحیتیں نمایاں ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں:ویرات کوہلی نےسچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا
محمد نواز کی اس شاندار کارکردگی نے پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، اور انہیں مختصر فارمیٹ کے آل راؤنڈر کے طور پر سال 2025 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔




