وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر آج سے پونچھ ڈویژن کا دو روزہ دورہ کریں گے

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد جموں کشمیر فیصل ممتاز راٹھور آج سے پونچھ ڈویژن کے دو روزہ دورے کا آغاز کریں گے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم کے دورہ پونچھ ڈویژن کا باضابطہ شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعظم اپنے اس دورے کے دوران ڈویژن کے مختلف علاقوں میں سرکاری سرگرمیوں، استقبالیہ تقاریب اور ملاقاتوں میں شرکت کریں گے جن کا مقصد مقامی سطح پر جاری عوامی اور تنظیمی امور کا جائزہ لینا ہے۔

وزیر اعظم اپنے دورے کا آغاز ضلع باغ سے کریں گے جہاں وہ مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب بھی کریں گے۔ دورے کے جاری شیڈول کے تحت وزیراعظم آزاد جموں کشمیر باغ میں نوجوانوں کے لیے قائم اس نجی ادارے کا بھی دورہ کریں گے جو باعزت روزگار کے فروغ کے لیے قائم ہے۔ اس نجی ادارے ایم ٹی بی سی کے دورے کا مقصد وہاں جاری سرگرمیوں اور نوجوانوں کے لیے فراہم کردہ روزگار کے مواقع کا جائزہ لینا ہے، تاکہ ادارے کی طرف سے جاری پروگراموں کے متعلق براہِ راست معلومات حاصل کی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر کی تعیناتی جلد، انتخابات بروقت ہوں گے، وزیراعظم فیصل راٹھور

وزیراعظم آزاد جموں کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور اپنے دو روزہ دورے کے دوران پونچھ میں بھی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔ پانچ دسمبر کو وہ پونچھ کے حلقہ عباسپور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جہاں وہ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژن کے متعلق مختلف امور پر بات کریں گے۔ اسی سلسلے میں وہ پریس کلب ہجیرہ کے عہدیداران سے حلف بھی لیں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عوامی وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں مقامی سطح پر درپیش مسائل، جاری ترقیاتی امور اور علاقائی ضروریات کے حوالے سے وفود اپنے نکات پیش کریں گے۔ یہ ملاقاتیں دورے کا اہم حصہ ہیں جن کا مقصد عوامی مسائل کے حل اور بہتر رابطہ کاری کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دیگوارسڑک تباہ، عوام کا وزیراعظم آزاد کشمیر سے فوری فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا یہ دو روزہ دورہ ڈویژن کے مختلف انتظامی، سماجی اور تنظیمی معاملات کے جائزے کے سلسلے میں اہم سمجھا جا رہا ہے، جبکہ جاری شیڈول کے مطابق تمام سرگرمیاں آج سے رسمی طور پر شروع ہوں گی۔

Scroll to Top