ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل )ہٹیاں بالا اور اس کے گرد و نواح سمیت آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں آج موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود ہے۔ دن کے اوقات میں دھوپ نکلنے کے باوجود درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے
جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت مزید کم ہو کر نقطہ انجماد کے قریب پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، شام کے وقت چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے، اور لوگ گرم کپڑوں میں لپٹے نظر آ رہے ہیں۔
دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد خاص طور پر سخت سردی سے متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
عوام نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ موسم کی شدت کے پیش نظر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔یہاں کے قدرتی مناظر پر برفباری کی سفیدی نے ایک دلکش نظارہ بنا دیا ہے جس کی وجہ سے سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
تاہم، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گرم کپڑوں کا استعمال یقینی بنائیں۔