پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی پروموشن کے لیے لندن روڈ شو کروانے کا اعلان کردیا گیا۔
ترجمان پی ایس ایل کے مطابق پی ایس ایل کا روڈ شو لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا جس میں عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز اور شائقین کی شرکت متوقع ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹی 20لیگز میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلش کرکٹرمعین علی نے آئی پی ایل چھوڑدی، پی ایس ایل کھیلنے کیلئے تیار
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں میں برطانوی سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ لندن روڈ شو کا مقصد لیگ کا وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمتِ عملی کی ترویج ہے۔ لارڈز میں روڈ شو پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کا ثبوت ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لندن کا روڈ شو پی ایس ایل کی بین الاقوامی اپیل کو مزید فروغ دے گا، پاکستانی لیگ عالمی سطح پر ویورشپ اور مضبوط کمرشل ویلیو رکھتی ہے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ دو نئی ٹیموں کے اضافے سے سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مواقع پیدا ہوں گے۔
سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل روڈ شو میں کاروباری شخصیات، ممکنہ فرنچائز مالکان اور شائقین کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کیساتھ معاہدے کی 10سالہ تجدید کردی
انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیگ کی عالمی توسیع اور اسٹریٹجک پارٹنرشپس کو مزید فروغ دینے کا اعلان کیا ہے۔
پی ایس ایل کے سی ای او کا کہنا ہے کہ 30 سپر فینز کو خصوصی ایونٹ میں شرکت کا موقع دیا جائیگا جس کیلئے ٹکٹ حاصل کرنے کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔




