اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی نشست پر ان کی اہلیہ رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران بیٹھ گئیں اور اپنے شوہر کو نشست دینے سے منع کردیا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران جب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کا مائیک آن کرنے کو کہا تو پتہ چلا وہ اپنی مقررہ نشست پر موجود نہیں بلکہ ان کی جگہ ان کی اہلیہ عالیہ کامران بیٹھی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: زیر حراست افراد کو کونسے حقوق حاصل ہونگے؟ سینیٹ نے بل منظور کر لیا
اسپیکر نے کہا کہ وہ اپنی سیٹ ان کو نہیں دے رہی ہیں، اس دوران مائیک پر عالیہ کامران کی آواز بھی آئی، انہوں نے کہا کہ سر میں بیٹھی ہوئی ہوں۔
اس پر اسپیکر ایاز صادق نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مدد مانگ لی۔
ایاز صادق نے ازراہ تفنن کہا کہ مولانا صاحب یہ ایک بڑا شرعی مسئلہ ہوگیا ہے، اس پر بتائیں، اس پر ایوان میں مزید بحث ہوگی۔
اس دوران عالیہ کامران نشست سے اٹھنے لگیں تو اسپیکر نے ان سے کہا کہ آپ بیٹھے رہیں، اسپیکر نےکامران مرتضیٰ کی نشست کا مائیک کھولنے کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا: بُرقعے کا مذاق اُڑانے والی خاتون سینیٹر معطل
اس موقع پر کامران مرتضیٰ بھی چپ نہ رہے اور انہوں نے اسپیکر سے کہا کہ سر دیکھ لیں، مشترکہ اجلاس میں میری حالت کا اندازہ لگالیں۔ کامران مرتضیٰ کے شکوے پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔
یاد رہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں گزشتہ روز اقلیتی کمیشن کے قیام سے متعلق بل منظور کیا گیا ہے جس میں اپوزیشن نےشدید احتجاج کیا ہے جبکہ پی پی سینیٹر عبدالقادر پٹیل نے بھی بل کی مخالفت کی ہے۔




