حویلی فارورڈ کہوٹہ(کشمیر ڈیجیٹل ، سعد بخاری) رینکڑی،نکہ سیداں سڑک ناقص تعمیر اور تاخیر کا شکار، عوام کا وزیراعظم آزاد کشمیر سے فوری نوٹس کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق رینکڑی خاص تا نکہ سیداں اہم رابطہ سڑک گزشتہ تین سال سے مسلسل تاخیر اور ناقص تعمیراتی معیار کا شکار ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
تقریباً آدھے کلومیٹر کے اس منصوبے پر پونے دو کروڑ روپے لاگت رکھی گئی ہے، تاہم کام کی رفتار انتہائی سست اور معیار غیر تسلی بخش ہے۔
مارچ/اپریل میں محکمہ شاہرات کے ایکسئین نے دعویٰ کیا تھا کہ سڑک جولائی 2025 میں مکمل ہو جائے گی، مگر نومبر 2025 کے اختتام پر بھی تعمیر کا کوئی واضح نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایس سی او حویلی کی ناقص سروس:ماہانہ پیکیجز 10 دن میں ختم، صارفین پریشان
اہلِ علاقہ کے مطابق سڑک کی چوڑائی انتہائی کم ہے اور موجودہ حالت میں دو چھوٹی گاڑیاں بھی ایک دوسرے کو کراس نہیں کر سکتیں۔
اسی طرح لیولنگ، سولنگ اور میٹریل کی کوالٹی بھی معیاری نہیں جبکہ کام کرنے والے افراد کو بھی سڑک سازی کا ضروری تجربہ حاصل نہیں۔
مزید تشویش اس بات پر ہے کہ محکمہ شاہرات کی جانب سے دسمبر–جنوری میں اس سڑک پر تارکول بچھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
علاقے کے موسم کے مطابق بالکل ناموزوں ہے اور مستقبل میں سڑک کے مزید جلد خراب ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔
علاقہ مکینوں نے کہا ہے کہ متعدد بار ذمہ داران کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے اپیل کی ہے کہ وہ منصوبے کا فوری نوٹس لیں
، معیار کا جائزہ لیں، اور سڑک کی تعمیر کو قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کرانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔




