ایئر چیف مارشل نےمعرکۂ حق میں کامیابی کو پاک فضائیہ کی بہترین کارکردگی کا مظہر قرار دیا

رسالپور: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ (پی اے ایف) نے مئی میں ملک کے دفاع، سائبر جنگ اور آپریشنز میں اپنی فیصلہ کن برتری دنیا پر ثابت کر دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کی جارحیت کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا گیا ہے اور ملکی خود مختاری پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

منگل کو پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اکیڈمی اصغر خان، رسالپور میں ہونے والی گریجوایشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا حوالہ دیا۔

‘آپریشن بنیان مرصوص’ میں دشمن کے دانت کھٹے:

انہوں نے کہا کہ ‘آپریشن بنیان مرصوص’ میں پاک فضائیہ نے دشمن کے دانت کھٹے کیے اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ہر دور میں ناقابلِ تسخیر ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے بتایا کہ پی اے ایف نے نہ صرف دشمن کے دفاعی نظام کو کامیابی سے نشانہ بنایا بلکہ جدید ترین فضائی خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے مؤثر ردعمل بھی دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل ، ایئرچیف کی سربراہی میں بھارت کو ناکوں چنے چبوائے،7 بھارتی طیارے مارگرائے، شہبازشریف

مئی میں بھارتی جارحیت کا ایسا جواب جو ہمیشہ یاد رہے گا:

ایئر چیف مارشل سدھو نے خاص طور پر مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘مئی میں بھارتی جارحیت کا ایسا جواب دیا کہ دشمن کو ہمیشہ یاد رہے گا۔’ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی اللہ کی خصوصی رحمت کے بعد قوم کی یکجہتی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کو بھارت کو جواب دیتے وقت پاکستان کا مقصد ‘عزت کے ساتھ امن قائم کرنا’ تھا۔ انہوں نے فخریہ انداز میں بتایا کہ پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں دشمن کے جدید ترین طیارے مار گرائے اور دنیا نے ہماری فضائی طاقت اور دفاعی صلاحیتوں کا عملی مشاہدہ کیا۔

سائبر وار فیئر میں بھی نمایاں برتری:

سربراہ پاک فضائیہ نے روایتی قوت کے ساتھ ساتھ سائبر وار فیئر میں بھی پاک فضائیہ کی نمایاں برتری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے سائبر میدان میں اپنی صلاحیت ثابت کی ہے اور یہ ہمارے مستقبل کی جنگوں کے لیے ایک اہم بنیاد ہے۔’

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا قائدانہ کردار:

ایئر چیف مارشل نے معرکہ حق میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاک افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

کیڈٹس کے لیے پیغام:

انہوں نے گریجوایٹنگ کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ کی تربیت اور جذبہ پاک افواج کی کامیابی کا مظہر ہے۔ اللہ نے آپ کو وطن عزیز کی سرحدوں کا محافظ چنا ہے۔’ انہوں نے کیڈٹس کو مشورہ دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے خود کو بہرہ مند کریں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا بہتر مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو قوم کا فخر قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی ایئر شو :دوست ملک کی جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری میں دلچسپی،معاہدے پردستخط

عالمی امن میں پاکستان کا کردار:

ایئر چیف مارشل نے اپنے خطاب کا اختتام عالمی امن کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے ہر محاذ پر ثابت کیا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے مگر اپنی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گا۔’

گریجویشن پریڈ کا اختتام شاندار فلائٹ پاسٹ اور اعزازات کی تقسیم کے ساتھ ہوا، جس میں کیڈٹس کے والدین اور اعلیٰ عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Scroll to Top