بنوں:گاڑی پر حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید

بنوں کے علاقے میرانشاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی کی گاڑی پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت کل 4 افراد شہید ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ واقعہ فلور ملز کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس گاڑی پر حملہ کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی لے گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آوروں نے سرکاری گاڑی کو آگ بھی لگا دی۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد غیر رجسٹرڈ وی پی این کا استعمال کر رہے ہیں، طلال چوہدری

ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ تین افراد زخمی بھی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا، اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیک نیوز پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی،وزیرداخلہ محسن نقوی

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا، تاہم پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top