اسلام آباد: نادرا نے شناختی نظام میں ریگولیٹری اصلاحات کا اجرا کردیا، شناختی کارڈ کے ضوابط میں اہم تعریفوں کی مزید وضاحت بھی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا اتھارٹی بورڈ کی منظوری کے بعد گزٹ آف پاکستان میں ریگولیٹری اصلاحات کی اشاعت کی گئی ہے، شناختی دستاویزات کی تصدیق کیلئے ریکارڈ کے جائزے کا طریقہ کار بھی ریگولیٹری اصلاحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے گھر بیٹھے سرٹیفکیٹس بنوانے کی سہولت متعارف کرادی
اس کے علاوہ تحقیقات، سماعت اور حتمی فیصلوں کیلئے ویری فکیشن بورڈز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، شناختی کارڈ کے ضوابط میں اہم تعریفوں کی مزید وضاحت کردی گئی ہے۔
متروک یا وصول نہ کئے گئے شناختی کارڈزکی تلفی کا طریقہ بھی شامل ہے جبکہ ایک سے زائد شناختی کارڈز کے معاملات نمٹانے کا طریقہ کار مزید واضح کیا گیا ہے۔
یتیم خانوں اور تحفظ اطفال کے اداروں کی رجسٹریشن کے قواعد متعارف کرائے گئے ہیں، پاکستان اوریجن کارڈ کےلئے اہلیت کا معیار واضح کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا کی جعلی ویب سائٹ کا انکشاف، تحقیقات کیلئے شکایت جمع
سلسلہ نسب کی تصدیق کیلئے مطلوبہ دستاویزات اور کارڈ ہولڈر کے حقوق شامل ہیں، خریداری کے شفاف نظام کےلئے نادرا پروکیورمنٹ ریگولیشنز کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
ترجمان نادرا نے بتایا کہ ریگولیشنز کی منظوری ادارے کو جدید بنانے کی جانب اہم قدم ہے، نئے ریگولیشنز کا مکمل متن نادرا کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔




