راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)ہائی کمشنر بنگلہ دیش کا آزاد کشمیر کا دورہ راولاکوٹ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔۔
تفصیلات کے مطابق ہائی کمشنر بنگلہ دیش ایم ڈی اقبال حسین خان نے پریس کونسلر ایم ڈی طیب علی اور اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ آزاد کشمیر کا خصوصی دورہ کیا ۔۔
راولاکوٹ آمد پر کمشنر پونچھ ڈویژن چوہدری مختار حسین نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ مہمانوں کا بھرپور استقبال کیا اور روایتی طور پر تحفے تحائف پیش کئے۔

اس موقع پر کمشنر پونچھ ڈویژن چوہدری مختار حسین نے کہا کہ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا دورہ انتہائی خوش آئند ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومتِ بنگلہ دیش ریاست جموں کشمیر کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ آزادی اور حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش کے شہریوں کو آزاد کشمیر آنے کی دعوت دیتے ہیں ہم انہیں سیر و سیاحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دہلی ہائیکورٹ: کشمیری حریت رہنما یٰسین ملک کو طبی سہولیات دینے کا حکم
ہائی کمشنر بنگلہ دیش ایم ڈی اقبال حسین خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر ایک خوبصورت اور قدرتی حسن وسائل سے مالا مال خطہ ہے جہاں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں جہاں آ کر دلی سکون ہوا۔
انہوں نے کہا کہ خطہ سویٹزرلینڈ سے کم نہیں ہے ۔آزاد کشمیر کے جنگلات دریاؤں اور معدنی وسائل کو بروئے کار لا کر خطے کی ترقی کی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔۔

انہوں نے پاکستانیوں اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان گہرے جذباتی رشتے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اسلام کے پرچم تلے متحد ہیں اور بنگلہ دیش سفارتی سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔۔
ہائی کمشنر نے آزاد کشمیر میں ائیرپورٹ کی سہولت کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔۔ دونوں خطوں کے درمیان دوریاں کم ہو کر تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت بنگلہ دیش مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور ریاست جموں کشمیر کے حقِ خودارادیت کے لیے ہر ممکن سفارتی کردار ادا کرتی رہے گی۔۔
استقبالیہ تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات سعد اللہ خان بھٹی، ڈپٹی کمشنر پونچھ عمر فاروق ۔ ایس ایس پی پونچھ خاور علی شوکت، اسسٹنٹ کمشنر سید یاسر آفتاب گردیزی، ڈی ایس پی اکمل حسین اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔




