غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ آج ہفتے کے روز تین اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جائیگا جو کہ جنگ بندی کی شرائط میں مذکور ہے۔ رہائی پانے والوں میں امریکی نژاد اسرائیلی ساجے ڈیکل چین شامل ہے۔
حماس اعلان کے مطابق فائر بندی معاہدے کے سلسلے میں روسی نژاد اسرائیلی الیگزینڈر توربانوف اوراسرائیلی شہری لائیر ہورن کوبھی رہا کیا جائیگا۔اسرائیل نے القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری ناموں کی تصدیق کی ہے۔
ادھراسرائیلی اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کی کارروائی میں سہولت کار کا کردار اداکرنے والی بین الاقوامی تنظیم صلیب احمر کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں قیدیوں کی حالت کے حوالے سے ’’نہایت تشویش‘‘ رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں پانچ بار 16 اسرائیلیوں اور ان کے مقابل سیکڑوں فلسطینیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔ معاہدہ 3 مرحلوں پر مشتمل ہے۔ آج ہفتہ کے روز 369 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائیگا۔
معاہدے کا پہلا مرحلہ 42 روز تک جاری رہے گا۔ اس دوران میں 33 اسرائیلی قیدیوں اور 700 فلسطینی قیدیوں کی رہائی عمل میں آئیگی۔
اسرائیلی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں 100 کے قریب یرغمالیوں میں سے اس وقت زندہ افراد کی تعداد تقریبا 50 ہے۔