اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ پیسوں کے لالچ میں معصوم شہریوں کو بیرون ملک ملازمتوں کا جھانسہ دینے والے ایجنٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس عمل میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے دھوکا باز عناصر نہ صرف لوگوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں بلکہ ملک کی بدنامی کا سبب بھی بن رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تقریباً دو گھنٹے پر مشتمل اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن پراسیس، عملے کی موجودگی اور مسافروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں سے ملاقات کی، ان کے تجربات اور شکایات سنیں اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کی امیگریشن پالیسی میں بڑی تبدیلیاں،شبانہ محمودنے تفصیلات بتا دیں
محسن نقوی نے 7 نومبر کو ایک مسافر کی جانب سے امیگریشن پر کم عملہ ہونے کی شکایت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں مسافروں کو اس نوعیت کی شکایات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر داخلہ نے عملے کو ہدایت جاری کی کہ ضروری سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بلاجواز نہ روکا جائے جبکہ جعلی دستاویزات یا غیر قانونی ذرائع سے سفر کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کیونکہ ایسے مسافر ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں اور یہ صورتحال کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ویزا ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کا جھانسہ دے کر بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کرنے والے ایجنٹوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، جبکہ بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے سفر بھی ہرگز قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:تارکین وطن کی دو کشتیاں لیبیا کے ساحل پر الٹ گئیں، 4 افراد ہلاک
محسن نقوی نے ہدایات دیں کہ ایئرپورٹ کا امیگریشن سسٹم مزید شفاف، مؤثر اور مسافر دوست بنایا جائے تاکہ نہ صرف پاکستان کے امیج کو بہتر بنایا جا سکے بلکہ مسافروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہو۔




