راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے حکام نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جیل میں صحت کے حوالے سے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر محفوظ اور صحت مند قراردیا ہے ۔
حکام کے مطابق ان کی تمام ضروری سہولیات تک رسائی موجود ہے اور جیل مینوئیل کے مطابق ملاقاتیں کرائی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے میں ایک بار ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی جاتی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کو ٹی وی اور اخبار کی سہولت بھی فراہم ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آسام: دوسری شادی پر 10 سال قید، بھاری جرمانے کی سزا کا بل منظور
محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق جیل میں ایک بیرک کے چھ کمرے بانی پی ٹی آئی کے زیر استعمال ہیں، اور انہیں ہفتے میں ایک بار باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت بھی ہے۔ حکام نے بتایا کہ دیسی مرغی اور مچھلی بھی باہر سے منگوائی جاتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات جیل قوانین اور رولز کے مطابق ہوتی ہے، اور جو شخص جیل کی حدود میں آتا ہے اس کی ملاقات قواعد کے مطابق کرائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق جیل کی حدود سے باہر کے معاملات کی ذمہ داری جیل انتظامیہ کی نہیں ہے۔
جیل حکام کے مطابق جیل کی حدود سے باہر کے معاملے کی جیل انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہے۔
اس سے قبل وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا تھا پی ٹی آئی کے بانی کی صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔
سینیٹ میں پی ٹی آئی کے نکات کے جواب میں طارق فضل چوہدری نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی خرابی صحت سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں، بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں اور انہیں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر یہ جعلی اطلاعات بھارتی میڈیا نے پھیلائی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، صحت بالکل ٹھیک ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سےبات ہوئی ، وہ بالکل صحت مند ہیں۔




