کراچی (کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں بارےتازہ ترین اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک ہفتے کے دوران متعدد شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ایک ہفتے کے اندر چینی کی قیمت میں 20 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد شہری ملک کی سب سے مہنگی 220 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور ہوگئے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں قیمتوں میں 20 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد وہاں چینی 216 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
خضدار میں 210 روپے فی کلو، لاڑکانہ میں 205 روپے فی کلو، اسلام آباد اور پنجاب بھر میں 190 روپے فی کلو۔ پشاور میں بھی چینی کی قیمت 190 روپے فی کلو تک جاپہنچی جبکہ سکھر میں یہ ریٹ 195 روپے فی کلو ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برنالہ، آزادامیدوار اسمبلی محمد مالک سیاسی انتقام کا نشانہ بن گئے،جھوٹا مقدمہ درج
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں 37 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد ملک بھر میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت بڑھ کر 189 روپے 98 پیسے ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتہ قبل چینی کی اوسط قیمت 189 روپے 61 پیسے تھی، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں چینی کی اوسط قیمت صرف 131 روپے 85 پیسے تھی۔
چینی کی بڑھتی قیمتیں شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہیں اورمجموعی مہنگائی پر بھی اثر ڈال رہی ہیں۔




