واشنگٹن : امریکا میں گرین کارڈ رکھنے والے افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 19 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ پڑتال مکمل کی جائے گی ۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ان ممالک سے آنے والے افراد کو جاری کیے گئے مستقل رہائشی کارڈز کا ازسرِ نو اور سخت جائزہ لیا جائے گا ۔ فہرست میں افغانستان ، ایران ، ہیٹی ، کیوبا ، صومالیہ ، میانمار، چاڈ ، جمہوریہ کانگو ، لیبیا ، وینزویلا سمیت دیگر ممالک شامل ہیں ۔
یہ اقدام اس واقعے کے بعد کیا جا رہا ہے جب ایک افغان نژاد شخص نے نیشنل گارڈز کے اہل کاروں پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں وائٹ ہاؤس نے امیگریشن پالیسیوں میں مزید سختی لانے کا عندیہ دیا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں اضافی اہلکار تعینات کرنیکا حکم دیدیا
یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (USCIS) کے قائم مقام سربراہ جوزف ایڈلو نے بتایا کہ صدر نے انہیں ہدایت کی ہے کہ ایسے ممالک کے شہریوں کے گرین کارڈز کی جامع اور سخت جانچ کی جائے جو امریکا کیلئےسکیورٹی کے لحاظ سے تشویش کا باعث سمجھے جاتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام اب سابقہ حکومتوں کی “غیر ذمہ دارانہ آبادکاری پالیسیوں کے نتائج مزید برداشت نہیں کر سکتے ۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے واضح کیا تھا کہ وہ ایسے تارکینِ وطن کی شہریت بھی منسوخ کر سکتے ہیں جو امریکا کے داخلی امن کے لیے خطرہ بنیں ، اور وہ ہر ایسے غیر ملکی کو ملک بدر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو کسی جرم میں ملوث ہو یا امریکی اقدار اور مغربی تہذیب سے مطابقت نہ رکھتا ہو ۔




