وزیراعظم

وزیراعظم نے تنخواہ دار طبقے کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے ٹیکس پالیسی پر اہم تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

اس سلسلے میں وزیراعظم  شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ محنت کش اور تنخواہ لینے والے شہریوں پر موجودہ ٹیکس بوجھ کم کیا جائے تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے ۔

پاکستان بزنس کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریٹ میں مرحلہ وار کمی کے اقدامات پر باضابطہ کام شروع ہو چکا ہے ۔

ان کے مطابق ایف بی آر مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ ایک ایسا ٹیکس ڈھانچہ تیار کیا جائے جو ٹیکس دہندگان کے لیے بھی قابلِ قبول ہو اور قومی خزانے پر غیر ضروری بوجھ بھی نہ ڈالے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ منامہ، دفاع سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر اتفاق

چیئرمین ایف بی آر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بڑی کمپنیوں پر عائد سپر ٹیکس میں کمی کی تیاری بھی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپر ٹیکس نہ صرف مرحلہ وار کم کیا جائے گا بلکہ مستقبل میں اسے مکمل طور پر ختم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔

اس پالیسی تبدیلی کا بنیادی مقصد معیشت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا، صنعتی سرگرمیوں کو بڑھانا اور کاروباری لاگت میں کمی لانا ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس ریٹ میں کمی کا انحصار ملک میں مجموعی ٹیکس کمپلائنس بہتر ہونے پر ہو گا۔ اگر ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھے اور محصولات میں بہتری آئے تو عام شہریوں اور کاروباری اداروں دونوں کے لیے ٹیکس کم کرنا مزید آسان ہو جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق سپر ٹیکس میں کمی کے حوالے سے آئی ایم ایف سے بھی مشاورت کی جائے گی، اور توقع ہے کہ آنے والے بجٹ میں اس عمل کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

Scroll to Top