مظفرآباد:وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ترقیاتی جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں موسٹ سینئر وزیر آزاد کشمیر میاں عبدالوحید، وزراءجاوید اقبال بڈھانوی، دیوان چغتائی، سردار جاوید ایوب، چوہدری رفیق نیئر،عامر یاسین، ظفر اقبال ملک، سردار ضیاء القمر، علی شان سونی، چوہدری محمد رشید، سید بازل علی نقوی اور مشیر حکومت سردار فہد یعقوب خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری ( ترقیات ) آزاد کشمیر خوشحال خان، سیکرٹریز حکومت اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔ ترقیاتی جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات ) عاطف الرحمٰن نے ترقیاتی عمل کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ 10 دسمبر تک تمام محکموں کو ترقیاتی فنڈز کی 100 فیصد یوٹیلائزیشن یقینی بنائیں، وقت کم ہے، کم وقت میں زیادہ کام کرنا ہے، چیزوں کو فاسٹ ٹریک پر لے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور کا سیکرٹریز کو اضافی گاڑیاں واپس کرنے کا حکم
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت میں کسی بھی منصوبے میں تاخیر نہیں آئے گی، تمام محکمات بروقت اپنے پروجیکٹس تیار کر کے متعلقہ فورمز تک پہنچائیں۔
سیکرٹری صاحبان وزراء کی نگرانی میں بلاک ایلوکیشن کے خلاف اسکیمز تیار کرکے 15 دسمبر سے پہلے جمع کروائیں ۔
انہوںنے کہا کہ ممبران اسمبلی لوکل گورنمنٹ سے متعلقہ سکیموں کی نشاندہی کرکے 30 دسمبر تک منظوری کیلئے ارسال کریں، ممبران اسمبلی کی جانب سے اسکیموں کی نشاندہی میں تاخیر کی وجہ سے خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔
کمیونیکیشن اینڈ ورکس سے متعلقہ منصوبہ جات کی جلد تکمیل کیلئے عارضی بنیادوں پر ٹیکنیکل اسٹاف کی بھرتیاں کی جائیں تاکہ منصوبہ جات پر کام کی رفتار تیز ہوسکے۔
ترقیاتی منصوبہ جات میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم فیصل راٹھور نے کہا کہ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اور کابینہ ترقیاتی پارٹی کے اختیار میں اضافے کیلئے وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین ایکنک سے بات کروں گا تاکہ ان کے اختیارات کو بڑھایا جاسکے اور منصوبہ جات کی منظوری میں تاخیر نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کب ہیلتھ کارڑ کے فوری اجراء کی ہدایت
ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) عاطف الرحمٰن نے بریفنگ میں بتایا کہ آزاد کشمیر کا کل ترقیاتی بجٹ 49 بلین ہے جس میں سے 32 بلین پی ایس ڈی پی کی بلاک ایلوکیشن ہے جبکہ 17 حکومت آزاد کشمیر کے اپنے ریسورسز میں سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے 8 بلین کی اسکیمز پی ایس ڈی پی میں ہیں جبکہ 5 بلین وزیراعظم پاکستان کے پیکج میں شامل ہیں۔ اس وقت ہمارے کل 472 جاریہ منصوبے جبکہ 117 نئے منصوبہ جات سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں۔
اب تک دو سہ ماہیوں کیلئے 9.6 بلین روپے کے فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں جو کل ترقیاتی بجٹ کا 40 فیصد ہیں۔ ریلیز شدہ فنڈز کے خلاف 7.3 بلین روپے کی یوٹیلائزیشن ہو چکی ہے جو کہ ریلیز شدہ فنڈز کا 70 فیصد بنتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے 5 سالوں میں آزاد کشمیر نے 100 فیصد یوٹیلائزیشن یقینی بنائی ہے۔
یاد رہے کہ فنڈز کا اجراء نہ ہونے پر کئی ترقیاتی منصوبے تاخیرکاشکار ہیں جبکہ کنٹریکٹر احتجاج بھی عندیہ دے چکے ہیں۔




