آزادکشمیر کی ہونہار طالبہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی رہوڈ سکالرشپ حاصل کرلی

اسلام آباد:آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے چناٹ بیس بگلہ سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ شفق بتول نے عالمی شہرت یافتہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے رہوڈاسکالرشپ حاصل کرکے آزادکشمیر اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

شفق بتول مشہور وکیل اور سابق چیف محتسب سردار مختار کی نواسی، پرنسپل بوائز سکول ملوٹ سردار اعجاز اور سردار حنیف کی بھانجی اور سردار محمد سجاد کی صاحبزادی ہیں۔

شفق بتول کے والدین کیلگری کینیڈا میں مقیم ہیں جہاں انہوں نے اپنے بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے ایک نئی زندگی کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: چینی یونیورسٹی کا پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان

آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شفق بتول اور ان کے والدین کو مبارکباد دی ہے۔

اپنے پیغامات میں انہوں نے اس کامیابی کو قابل ذکر کامیابی قرار دیتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایاہے۔

شفق بتول یونیورسٹی آف کیلگری میں سائیکالوجی کے چوتھے سال کے طالب علم ہے، رواںو سال ممتاز رہوڈ اسکالرشپ کیلئے کینیڈا کے صرف 11 منتخب کئے ہیں جن میں شفق بتول بھی شامل ہے۔

شفق بتول کامیابی کا سہرا اپنے والدین کی قربانیوں، محنت اور مسلسل حوصلہ کو قرار دیتی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کا سفر ہمدردی اور انسانی خدمت کے اصولوں پر مبنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان

شفق بتول نے خواتین کی صحت اور سماجی بہتری کے لیے خیریت وومن ہیلتھ ایکویٹی نیٹ ورک کی بنیاد رکھی۔ ان کی کارکردگی پر قومی سطح پر ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔

اب وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں خواتین اور تولیدی صحت پر جدید تحقیق کریں گی۔ اس کا مقصد ایک ایسا نظام تیار کرنا ہے جہاں پسماندہ کمیونٹیز کو صحت، تحقیق اور پالیسی سازی میں حقیقی اختیار حاصل ہو۔

شفق بتول کی کامیابی کو محنت، استقامت اور سماجی خدمت کی ایک نمایاں مثال کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ شاندار کامیابی پر کینیڈا کشمیر ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ممبران کینیڈا کمیونٹی نے بھی شفق بتول کے والدین کو مبارکباد پیش کی ہے۔

Scroll to Top