اسلام آباد کے پبلک مقامات پر فری وائی فائی کیلئے شرائط لاگو کر دی گئیں

اسلام آباد: نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) وفاقی دارالحکومت کے عوامی مقامات پر مفت وائی فائی فراہم کرے گی لیکن اس کے لیے این ٹی سی نے صارفین کے لیے کچھ شرائط بھی لاگو کر دیں۔

این ٹی سی کے مطابق مفت وائی فائی استعمال کرنے سے پہلے صارفین کو اپنی شناخت کی تصدیق کرنی ہو گی۔ اس کے لیے صارفین کو اپنا نام اور موبائل نمبر رجسٹرڈ کرانا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: 30 اہم مقامات پر وائی فائی ہاٹ سپاٹس لگانے کا اعلان

مفت وائی فائی استعمال کرنے والے ہر صارف کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔ تاکہ معلوم ہو کہ کس مقام پر کون سا صارف وائی فائی استعمال کر رہا تھا۔

این ٹی سی کے مطابق یہ قدم سیکیورٹی مضبوط بنانے اور ممکنہ سائبر خطرات سے بچاؤ کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس زیادہ رش والے مقامات پر لگائے جائیں گے۔ جن میں میٹرو بس اسٹیشنز، مرکزی تجارتی علاقے اور دیگر عوامی مقامات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں بینک کی وائی فائی آئی ڈی’پاکستان زندہ باد‘ میں تبدیل، پولیس اور انتظامیہ میں کھلبلی

رپورٹ کے مطابق اس معاملے پر فوری عمل درآمد کے لیے این ٹی سی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر متعلقہ محکموں سے تعاون حاصل کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ عوامی انٹرنیٹ تک رسائی بہتر بنانے کے لیے حکومت نے دسمبر 2025 تک اسلام آباد تک 30 مقامات پر وائی فائی ہاٹ اسپٹس فعال کرنے کا منصوبہ تیارکیا ہے۔

منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات، مرکزی مارکیٹس، عوامی مقامات اور سرکاری عمارتوں میں ہاٹ اسپٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں، طلبہ اورملازمین کو ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ تک آسان رسائی مل سکے۔

Scroll to Top