اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما فرخ کھوکھر کو اسلام آباد پولیس نے غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے انہیں زیرو پوائنٹ پر قائم ناکے سے گرفتار کیا، جہاں معمول کی چیکنگ کے دوران مبینہ طور پر ان کے قبضے سے بغیر لائسنس اسلحہ برآمد ہوا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف کو بحرین کے سب سے اعلیٰ اعزاز سے نواز دیا گیا
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرخ کھوکھر کو گرفتاری کے بعد تھانہ آبپارہ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ان سے ابتدائی تفتیش کی جائے گی۔
حکام کے مطابق مزید قانونی کارروائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔پولیس نے واقعے سے متعلق سرکاری بیان تاحال جاری نہیں کیا
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے اسلحے اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب جے یو آئی کی طرف سے بھی فرح کھوکھرکی گرفتاری پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
فرخ کھوکھر کا تعلق سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر اور سابق سینیٹر اور بلاول بھٹو زرداری کے سابق ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے خاندان سے ہے۔
وہ نواز کھوکھر کے بھتیجے، مصطفیٰ نواز کھوکھر کے چچا زاد بھائی اور امتیاز کھوکھر المعروف تاجی کھوکھر کے صاحبزادے ہیں۔




