سعودیہ نے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کر کے تاریخ رقم کی: محسن نقوی

ریاض: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ سعودی قیادت کی سرپرستی میں مملکت نے بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کی کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں میں شمولیت اور دونوں ممالک کے درمیان سپورٹس میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل وژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے کو غیر معمولی انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے خصوصاً ای ایف سی ایشین کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز 2029، ایشین گیمز 2034 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے حصول پر سعودی وزیر کھیل کو مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کیساتھ معاہدے کی 10سالہ تجدید کردی

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، مشترکہ ٹریننگ پروگرامز، باہمی دوروں اور جونیئر و یوتھ لیول ٹورنامنٹس کے ذریعے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کھیلوں خصوصاً کرکٹ کو دوستی اور علاقائی ہم آہنگی کا مضبوط پل بنائیں گے۔

ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے رابطوں کو مزید تیز کریں گے اور عملی منصوبہ بندی کے ذریعے جلد مشترکہ اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مثبت مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا ٹیم سے علیحدگی کا اعلان

اس ملاقات نے دونوں ممالک کے کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو نئی سمت دی اور نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے کی سمت میں اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top