قومی وحدت پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور عالمی برادری میں اپنی حقیقی جگہ حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور معرکہ حق کے دوران دکھائے گئے عزم کو پاکستان کی عالمی ساکھ میں اضافے کی مثال قرار دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور ہم مل کر دشمنوں کے سازشوں کو ناکام بنائیں گے، ان شا اللہ۔ انہوں نے ہر شہری کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرحدی سالمیت اور شہریوں کی حفاظت کسی بھی حالت میں قربان نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پائیدار امن و ترقی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے۔ مسلح افواج، خفیہ اور معلومات فراہم کرنے والے ادارے تمام چیلنجز کا پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ جواب دے رہے ہیں۔ پاکستان دنیا میں اپنا بہترین مقام حاصل کر رہا ہے اور کرتا رہے گا، ہماری قوت قومی اتحاد اور اتفاق سے جڑی ہے، ہم دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو انشاء اللہ ناکام بنا دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات،دفاعی تعاون پراتفاق

نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ 27 (NSW–27) کے شرکا نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (GHQ) کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے علاقائی اور داخلی سیکیورٹی ماحول اور قومی سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران شرکا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ براہِ راست گفتگو میں حصہ لیا۔ آرمی چیف نے علاقائی ماحول میں بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل مقابلہ آرائی، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ خطرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور انفارمیشن سینٹرک وار فیئر جیسے پیچیدہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کے تحفظ میں مکمل پیشہ ورانہ جذبے اور عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

شرکا کو اسمگلنگ، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف جاری اقدامات، بہتر سرحدی کنٹرول اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی ملک واپسی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہماری پالیسی دہشتگردی کیخلاف ہے افغان عوام کیخلاف نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ NSW–27، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس میں پارلیمانی ارکان، سینئر سول و فوجی افسران، تعلیمی ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔

Scroll to Top