رومانیہ : ڈرونز کے داخل ہونے پر لڑاکا طیارے فضاء میں روانہ کردیئے

رومانیہ نے منگل کی صبح اپنی فضائی حدود میں ڈرونز کی دراندازی کے بعد فوری ردِعمل دیتے ہوئے لڑاکا طیارے روانہ کردیئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارتِ دفاع نے جاری بیان میں کہا کہ ایک ڈرون اب بھی ملک کے اندرونی حصے کی جانب بڑھ رہا تھا۔

بیان میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر جرمن فضائی نگرانی مشن کے تحت تعینات دو یورو فائٹر طیاروں کو روانہ کیا گیا جنہوں نے جنوب مشرقی کاؤنٹی تُلسیا میں ایک ڈرون کا سراغ لگایا، جو بعد میں واپس یوکرین کی جانب مُڑ گیا۔

بعد ازاں ریڈار پر دوسری خلاف ورزی ظاہر ہونے پر رومانیہ کی فوج نے دو ایف-16 لڑاکا طیارے بھی روانہ کئے۔

وزارت کے مطابق یہ ڈرون گالاتسی کاؤنٹی سے اندرونی علاقے ورانچا کی سمت بڑھ رہا تھا۔ حکام نے تینوں متاثرہ کاؤنٹیز کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر پناہ لینے کی ہدایت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہماری پالیسی دہشتگردی کیخلاف ہے افغان عوام کیخلاف نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

یاد رہے کہ یورپی یونین اور نیٹو رکن رومانیہ کی یوکرین کے ساتھ 650 کلومیٹر طویل زمینی سرحد ہے

روس کی جانب سے دریائے ڈینیوب کے پار یوکرینی بندرگاہوں پر حملوں کے بعد سے اس کی فضائی حدود میں متعدد بار ڈرونز کی دراندازی اور ملبہ گرنے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

حالیہ ماہ میں یورپ کے مشرقی سرحدی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔جہاں متعدد نیٹو ممالک کی فضائی حدود میں مبینہ روسی ڈرونز کی خلاف ورزی واقعات سامنے آئے ہیں۔

رومانیہ نے امن کے دوران بھی ڈرون مار گرانے کی اجازت دینے والا قانون نافذ کر رکھا ہے، تاہم ابھی تک اس اختیار کا استعمال نہیں کیا گیا۔

Scroll to Top