بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بنیاد پر بڑا آپریشن، بھارتی پراکسی دہشتگرد ہلاک

بنوں: پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک بڑا آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کےمحکمہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی اُس وقت کی گئی جب علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہلاک شدہ دہشتگرد بھارتی حمایت یافتہ پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا اور علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ اور سینٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مزاحمت یا دوبارہ منظم ہونے کے خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر حملہ: ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی مواد برآمد ہوا، جس کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔ بنوں اور ملحقہ علاقوں میں اضافی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں اور مقامی آبادی کو صورت حال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ غیر ملکی حمایت یافتہ خوارج دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ سیکیورٹی فورسز علاقے کے راستوں، محفوظ پناہ گاہوں اور چھپنے کے ممکنہ مقامات کا مکمل جائزہ لے رہی ہیں تاکہ دہشتگردوں کے کسی بھی دوبارہ ابھرنے کے خطرے کو ختم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ:خودکش بمبار کی تصویر منظر عام پر آ گئی

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں اسی عزم اور رفتار سے جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کو کسی قسم کی گنجائش نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top