لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا (salman ali agha)نے سابق بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کا 26 سال پرانا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے رواں سال 2025 میں اب تک 54 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں اور ان تمام میچز میں سلمان علی آغا ٹیم کا حصہ رہے۔
عثمان طارق کی شاندار ہیٹ ٹرک،ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں چوتھے پاکستانی بائولر بن گئے
اس وجہ سے سلمان علی آغا ایک سال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے کرکٹر بن گئے۔انہوں نے یہ اعزاز اتوار کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں زمبابوے کے خلاف میچ میں حاصل کیا۔
سلمان علی آغا نے 2025 میں 54 میچز کھیل کر سابق بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کا 1999 میں قائم ورلڈ ریکارڈ توڑا۔راہول ڈریوڈ نے 1999 میں مجموعی طور 53 انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔
اس کےعلاوہ پاکستان کے سابق کپتان محمد یوسف نے بھی سن 2000 میں 53 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا جانے والا 148 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فخر زمان 32 گیندوں پر 45 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگ میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ صاحبزادہ فرحان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب نے 22 رنز بنائے، بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے،
کپتان سلمان آغا ایک رن بناسکے۔عثمان خان 37 اور محمد نواز 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، رچرڈ نگاروا اور ٹینوٹینڈا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔




