عوام

ضلع حویلی : مرکزی سڑک پختہ کرو ، عوام علاقہ مندھار کا مطالبہ

فارورڈ کہوٹہ (کشمیر ڈیجیٹل)لائن آف کنٹرول پر واقع ضلع حویلی آزاد کشمیر کے آخری سرحدی گاؤں مندھار کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔

گاؤں کی 37 سال پرانی مرکزی سڑک آج تک پختہ نہ ہو سکی، جبکہ موجودہ حکومت کے چار برس گزر جانے کے باوجود بھی سڑک کی اپ گریڈیشن سے متعلق کیے گئے وعدے پورے نہیں ہو سکے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق بارہا مطالبات اور یاد دہانیوں کے باوجود زمینی سطح پر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، جس کے باعث روزمرہ نقل و حمل، مریضوں کی ایمرجنسی منتقلی اور طالبات کے تعلیمی سفر میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔

مقامی سماجی و سیاسی شخصیات جن میں احسان راٹھور، محمد دین شیخ، عبداللہ میر، سابق امیدوار لوکل کونسلر بنارس میر، جہانزیب ڈار، مطاب دین میر، رؤف میر عرف چیئرمین، کبیر دین، بشیر میر، نور دین میر، جمال دین، مختار شیخ، ساجد ڈار، مشرف میر، جاوید ڈار، سفیر میر، تنویر میر، بشیر میر، طارق میر، تبارک میر اور بشیر شیخ شامل ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خواجہ فاروق نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو اہم مشورہ دیدیا

انہوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اگر حکومت نے مارچ 2026 تک گاؤں کی مرکزی سڑک، گرلز ہائی سکول، ڈیفنس روڈ کی مکمل پختگی، ہائیڈل پاور منصوبے اور بوائز ہائی سکول میں فرنیچر کی فراہمی کے حوالے سے عملی اقدامات نہ کیے تو ایک جامع عوامی تحریک شروع کی جائے گی ۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس تحریک کے سلسلے میں علاقے کے تمام نوجوانوں اور بااثر افراد سے مشاورت مکمل کی جائے گی، جس کے بعد کہوٹہ کی طرف مارچ کیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک پرامن احتجاج جاری رکھا جائے گا ۔

انہوں نے حکومتِ آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ سرحدی علاقوں کو ترقیاتی منصوبوں میں ترجیح دی جائے اور وہ وعدے پورے کیے جائیں جن سے عوام کی زندگی براہِ راست متاثر ہو رہی ہے ۔

اہلِ علاقہ کا مزیدکہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری ا طور پرقدامات نہ کیے تو صورتِ حال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے ۔

Scroll to Top