اسلام آباد : قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات آج منعقد ہوں گے ۔
ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل ، انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ۔
پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی ، شہری اپنے پسندیدہ اُمیدواروں کے ناموں پر مہریں لگائیں گے ۔
2792 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 408 انتہائی حساس اور 1032حساس قرار د ئیے گئے ہیں ۔ 20 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔
این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب میں9 اُمیدوارآپس میں مدمقابل ہیں۔ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، ن لیگ کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ضمنی الیکشن ،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا اہم لائحہ عمل سامنے آگیا
یہ نشست پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کےعمر ایوب کی نومئی کیس میں سزا اور نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی ۔
فیصل آباد کےحلقہ این اے 96 میں 16 ااُمیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ن لیگ کے طلال بدر چوہدری کا 15 آزاد امیدواروں سے مقابلہ ہوگا ۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے رائے حیدر علی کھرل کی نااہلی پر خالی ہوئی تھی ۔
فیصل آباد کےحلقہ این اے 104 میں ن لیگ کے راجہ دانیال اور 4 آزاد اُمیدواروں میں مقابلہ ہوگا ۔ یہ نشست سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کی 9 مئی کیس میں سزا کے سبب خالی ہوئی تھی ۔
این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں 8 امیدوار میدان میں ہیں ۔ مسلم لیگ ن کے محمود قادر لغاری اور پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ میں کڑے مقابلے کا امکان ہے ۔
یہ نشست پی ٹی آئی کی زرتاج گل وزیر کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے باعث خالی ہوئی ۔




