مظفرآباد کے علاقے لمنیاں میں مسلسل تیندوے کے گشت نے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ امانت شیخ کی بکریاں اور بھیڑیں آئے روز تیندوے کی بھوک کا شکار ہونے لگیں، جبکہ محکمہ وائلڈ لائف اس سنگین صورتحال کے باوجود مکمل طور پر خاموش ہے۔ مقامی افراد کے مطابق دن دہاڑے تیندوا بکریاں کھا گیا، لیکن متعلقہ حکام نے نہ تو کوئی کارروائی کی اور نہ ہی متاثرہ خاندان کی کوئی مدد کی۔
علاقے کے لوگوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف اس طرف توجہ دے کیونکہ اگر کل تک کسی بھی قسم کا جانی نقصان ہوا تو اس کا ذمہ دار محکمہ ہی ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر غریب شخص کا جو نقصان ہوا ہے اس کا فوری ازالہ کرے تاکہ متاثرہ خاندان مزید مالی مشکلات کا شکار نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: معدے اور دل کی بیماریوں کی تشخیص اب اے آئی کیپسول اور ایپ سے ممکن!
علاقہ مکینوں کی جانب سے حکام بالا کو اپیل کی گئی ہے کہ اس شدید صورتحال پر فوری کنٹرول کیا جائے تاکہ مزید مال مویشیوں کا نقصان نہ ہو سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ تیندوے دن دہاڑے مویشیوں پر حملہ کر رہا ہے جبکہ محکمہ وائلڈ لائف مکمل طور پر خاموش ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ڈرائیونگ ٹیسٹ بدل گیا،اب ٹیسٹ لے گی اے آئی گاڑی!
مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور وائلڈ لائف کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی جان و مال کو بچانے کے لیے فوری مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں اور نہ صرف مال مویشی بلکہ انسانی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
علاقہ مکینوں نے واضح کیا کہ بار بار شکایات کے باوجود کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس کے باعث خوف میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وائلڈ لائف کی ٹیمیں فوری طور پر علاقے کا دورہ کریں، تیندوے کے حملوں کو روکا جائے، اور نقصان کے ازالے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جائیں۔




